نئی دہلی، 5؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہزاروں ہندوستانی مزدوروں کی مدد کے واسطے وہاں کے دورے پر جانے کے لیے کیرالہ کے ایک وزیر کو سفارتی ویزا نہیں دئیے جانے کا معاملہ آج لوک سبھا میں اٹھا۔کانگریس کے کے سی وینو گوپال نے سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیرالہ کے ایک وزیر نے ان ہندوستانیوں کی مدد کے لیے سعودی عرب جانے کے لیے ویزا کی درخواست دی تھی۔انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی وجوہات کی بنا پر وزیرموصوف کو ویزا نہیں دیا گیا اور وزیر خارجہ کو اس معاملے میں بیان دینا چاہیے ۔اس پر پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار نے بتایا کہ وزیر خارجہ اس معاملے پر پیر کو ایوان میں بیان دیں گی۔شیوسینا کے چند رکانت کھرے نے وزیر اعظم زرعی بیمہ یوجنا میں ادرک اور پیاز کی کھیتی کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔بی جے پی کی رما دیوی نے بہار میں اپنے پارلیمانی حلقہ شیوہر ضلع کی ترقی کا مسئلہ اٹھایا اور مرکزی حکومت سے خاکہ تیار کرنے کی اپیل کی۔بی جے پی کے وریندر سنگھ نے غیر قانونی پلسمینٹ ایجنسیوں کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے گھریلو کام کاج کرنے والی خواتین کے معیارزندگی کو بہتر بنانے کے لیے کارروائی کا مطالبہ کیا۔بی جے پی کی ہی نیلم سونکر نے دیہی علاقوں میں ڈاک خانوں میں فراہم کرائی جارہی سہولیات کو درست کرنے کا مطالبہ کیا۔شیوسینا کے گجانن کیرتکر نے کہا کہ مغربی ریلوے میں تربیت یافتہ کئی امیدواروں کو تقرری نہیں دی گئی ہے جنہیں وسطی ریلوے میں خالی عہدوں پر مقرر کیا جا سکتا ہے۔بی جے پی کے ددن مشرا نے کال ڈراپنگ کا مسئلہ اٹھایا ۔اسی پارٹی کے کوشل کشور نے قومی منصوبہ تعمیر اتی کارپوریشن(این پی سی سی )میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے اس کے حکام پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔